08 اپریل ، 2023
معروف بھارتی کامیڈین سنیل گروور نے کپل شرما کے شو میں واپسی سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
سنیل گروور کے کپل شرما شو میں نبھائے گئے کردار ڈاکٹر مشہور گلاٹی اور گتھی کو عوام اب تک فراموش نہیں کرسکی، پانچ سال گزر جانے کے بعد بھی سنیل گروور کے مداح شو میں ان کی واپسی کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
حال ہی میں سنیل گروور نے ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیا جس میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ کپل کے پروگرام میں دوبارہ نظر آسکتے ہیں یا مستقبل قریب میں نظر آئیں گے؟
جواب میں اداکار و کامیڈین نے کہا 'ابھی تو ایسا کچھ نہیں ہے،یا پھر ایک کام کریں آپ پوچھوا لیں اس (کپل) سے، میں اپنے کام میں مصروف ہوں اور اسے انجوائے کررہا ہوں، کپل بھی مصروف ہے اور اچھا کام کررہا ہے'۔
سنیل گروور نے کہا 'میں پہلے ہی اپنے نان فکشن کے مرحلے سے لطف اندوز ہو چکا ہوں اور فی الحال فکشن سیٹ اپ کو پسند کر رہا ہوں، بطور اداکار نئے تجربات حاصل کر رہا ہوں'۔
انہوں نے کہا 'میں جو کررہا ہوں مجھے مزہ آرہا ہے، فی الحال ایسا کوئی پلان نہیں ہے کہ کپل شرما شو میں واپسی ہو'۔
خیال رہے کہ 2018 میں سنیل اور کپل میں سنگین نوعیت کا جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد سنیل گروور نے شو چھوڑ دیا تھا، بعدازاں کپل شرما اپنے متعدد انٹرویوز میں کہہ چکے ہیں کہ اگر سنیل ان کے شو میں واپس آنا چاہیں تو انہیں خوش آمدید۔
واضح رہے کہ سنیل گروور حال ہی میں ویب سیریز 'یونائیٹڈ کچے' میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جب کہ وہ شاہ رخ کی آنے والی فلم 'جوان' کا بھی حصہ ہوں گے۔