11 فروری ، 2025
پاکستان میں 19 فروری سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی سے قبل، کئی بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایسی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کے کرکٹ اسٹیڈیمز نامکمل اور زیر تعمیر ہیں، جس سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار نہیں۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔
3 فروری کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے 12 سیکنڈ کی ویڈیو پوسٹ کی، جس میں چند افراد کو اسٹیڈیم میں گھاس کاٹتے ہوئے دکھایا گیا۔ صارف نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا:
”چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز میں 15 دن باقی ہیں اور پاکستان اپنا اسٹیڈیم بھی مکمل نہیں کر سکا۔ گھاس کاٹنے کے لیے بھی جدید آلات نہیں، ہاتھ سے کاٹ رہے ہیں۔ ان ‘آٹا سے محروم بھکاریوں’ کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی اجازت کس نے دی؟“
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد دفعہ دیکھا، تقریباً 800 بار دوبارہ پوسٹ اور 5 ہزار 600 سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا ۔
اسی طرح کے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا اسٹیڈیم پشاور، پاکستان کا ارباب نیاز اسٹیڈیم ہے۔ تاہم، یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ اسٹیڈیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کسی بھی میچ کی میزبانی نہیں کرے گا۔
گوگل ریورس امیج سرچ کے ذریعے، جیو فیکٹ چیک نے تصدیق کی کہ یہ ویڈیو سب سے پہلے اپریل 2024 میں آن لائن منظرعام پر آئی۔ یہ ویڈیو ایک ایسے اکاؤنٹ نے شیئر کی تھی، جس کا دعویٰ تھا کہ یہ پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کی ہے۔
خیبر پختونخوا کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ سے مزید تصدیق ہوئی کہ ویڈیو میں دکھایا گیا اسٹیڈیم واقعی ارباب نیاز اسٹیڈیم ہی ہے۔
اس کے علاوہ، پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی جانب سے جاری کردہ چیمپئنز ٹرافی کے سرکاری شیڈول، جو 19 فروری سے 9 مارچ تک منعقد ہوگی، اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم پاکستان میں ٹورنامنٹ کے لیے منتخب کردہ مقامات میں شامل نہیں ہے۔
شیڈول یہاں اور یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
فیصلہ: یہ ویڈیو کلپ، جو اپریل 2024 کا ہے، پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں جاری کام کے دوران ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ یہ اسٹیڈیم 2025 چیمپئنز ٹرافی کے کسی میچ کی میزبانی کے لیے شیڈول نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرامgeo_factcheck@پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔