11 فروری ، 2025
لیبیا میں کشتی حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہونے والے 7 پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے۔
گزشتہ روز لیبیا میں 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی گئی جن میں ابتدائی طور پر 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں تاہم اب ایف آئی اے نے جاں بحق ہونے والوں میں 7 پاکستانیوں کی تصدیق کردی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق 6 مسافر کراچی، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد اور فیصل آباد ائیرپورٹس سے گئے جن میں ثقلین حیدر، شعیب حسین، عابد حسین، سراج الدین، سید شہزاد حسین، شعیب علی اور نصرت حسین شامل ہیں۔
امیگریشن ذرائع کا بتانا ہےکہ ایک مسافر شعیب حسین 10 جنوری 2025 کو تفتان بارڈر سے ایران گیا تھا، مسافر ثقلین حیدر 9 فروری 2024 کو کراچی ائیرپورٹ سے سعودیہ گیا جب کہ مسافر عابد حسین 25 نومبر 2024 کو کوئٹہ ائیرپورٹ سے مصر گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ مسافر سراج الدین 31 دسمبر 2022 کو پشاور ائیرپورٹ سے سعودی عرب گیا اور سید شہزاد حسین نے 25 دسمبر 2024 کو اسلام اباد ائیرپورٹ سے سعودیہ کا سفر کیا۔
ذرائع کے مطابق مسافر شعیب علی نے 19 نومبر 2024 کو فیصل آباد ائیرپورٹ سے سعودیہ کا سفر کیا جب کہ مسافر مسرت حسین نے 20 ستمبر کو 2024 کوئٹہ ائیرپورٹ امارات کا سفر گیا۔