12 فروری ، 2025
یرغمالیوں کی رہائی مؤخر کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر فلسطین کی مذاحمتی تنظیم حماس کا ردعمل سامنے آگیا۔
حماس کے رہنما سامی ابو زہری نے غیرملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ جنگ بندی معاہدے کا احترام دونوں فریقوں کو کرنا ہے۔
حماس رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے معاہدے کا احترام ہی یرغمالیوں کو واپس لانے کا واحد راستہ ہے۔دھمکیوں کی زبان کی کوئی اہمیت نہیں، یہ صرف مسائل اُلجھا دےگی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر حماس نے 10 فروری کو یرغمالیوں کی رہائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یرغمالیوں کی رہائی روکنے پر معاہدہ ختم کر کے اسرائیلی حملے شروع ہونے کی دھمکی دی۔
حماس کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو ہفتے کے دن 12 بجے تک رہا نہ کیا گیا تو صورتحال قابو سے باہر ہو جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ میرے نزدیک اگر تمام یرغمالیوں کو ہفتے کے دن دوپہر 12 بجے تک رہا نہیں کیا جاتا تو میں اس جنگ بندی معاہدے کو منسوخ کرنے کا کہہ دوں گا اور پھر سب کچھ ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا تو غزہ سیز فائر ہفتے کے دن ختم ہوجائے گا۔