Time 12 فروری ، 2025
پاکستان

شہباز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا: نواز شریف

شہباز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا: نواز شریف
بے ایمانی کے ساتھ آئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دی: قائد مسلم لیگ (ن)/ اسکرین گریب

لاہور: قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے  اور  آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا۔ 

سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی اسمبلی کے اراکین نے لاہور میں ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ  زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، پالیسی ریٹ 22 سے 12 فیصد ہونے سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور معیشت کو فائدہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے، روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے، اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے جب کہ مہنگائی بھی کم ہو رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا۔ 

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

لیگی قائد نے مزید کہا کہ پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہی ہیں، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پھر ثابت کیا ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔ 

مزید خبریں :