12 فروری ، 2025
کوالالمپور: ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو ساتھ بٹھا کر گاڑی ڈرائیو کی جس دوران ہونے والی دلچسپ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان گزشتہ روز ملائیشیا کے دورے پر تھے جہاں انہوں ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم کو ترک ساختہ الیکٹرک گاڑی تحفے میں دی۔
انور ابراہیم نے گاڑی کی آزمائشی ڈرائیو کی تو ان کے ساتھ ترک صدر بھی گاڑی میں موجود تھے۔
اس موقع پر انور ابراہیم نے ترک صدر کو کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ آپ نے میری ڈرائیونگ پر بھروسہ کیا جس پر ترک صدر نے سوال کیا ’کیوں‘؟
انور ابراہیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیونکہ میں بہت کم گاڑی چلاتا ہوں، اس موقع پر گاڑی کی عقبی نشست پر بیٹھے ایک ترک اہلکار نے فوراً کہا کہ ’پھر تو ہمیں فوراً اتر جانا چاہیے‘۔
انور ابراہیم نے اپنی اہلیہ کے بارے میں کہا کہ انہیں بھی ان کی ڈرائیونگ کے حوالے سے شبہات رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی واشنگٹن میں پڑھانے کے دوران وہ ڈرائیونگ کرتے تھے لیکن بہت کم۔
اس ویڈیو کو ملائیشین وزیر اعظم کے فیس بک پیج پر بھی اپلوڈ کیا گیا جس کے کمنٹ میں انور ابراہیم کی 2006 کی ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں ڈرائیونگ کررہے ہیں۔
ڈرائیونگ کے دوران ملائیشین وزیر اعظم اور ترک صدر نے گاڑی کی خصوصیات پر بھی بات چیت کی اور ملائیشین وزیر اعظم نے گاڑی کی تعریف کی۔