Time 12 فروری ، 2025
کاروبار

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کا اعلان کردیا

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کا اعلان کردیا
پاکستان بینکنگ سمٹ کا اعلان پی بی ایس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ نے کیا— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 (پی بی ایس'25) کے آغاز کا باضابطہ اعلان کردیا اور یہ سمٹ 24 اور 25 فروری کو کراچی میں  ہوگی۔

پاکستان بینکنگ سمٹ کا اعلان پی بی ایس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف باجوہ نے کیا۔ 

اس پریس کانفرنس میں پی بی اے کے چیئرمین اوربینک آف پنجاب کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ظفر مسعود سمیت بینکنگ انڈسٹری کے دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی جانے والی سمٹ کا مقصد ملک میں مالیاتی اور معاشی مکالمے کو فروغ دینا ہے، اس کانفرنس میں 12 سے زائد ممتاز بین الاقوامی مقررین، 20 سے زائد مقامی موضوعات کے ماہرین کے علاوہ روایتی، اسلامی، ڈیجیٹل اور مائیکرو فنانس بینکوں کے علاوہ ترقیاتی و مالیاتی اداروں سمیت 45 سے زائد دیگر اداروں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔ 

حکومت، ریگولیٹرز، بینکنگ، فِن ٹیک، اکیڈیمیا، میڈیا اور کارپوریٹ پاکستان کے ایک ہزار سے زائد نمائندگان کا یہ تاریخی بینکنگ سمٹ پاکستان کے مالیاتی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل کی علامت ہوگا۔

پاکستان بینکنگ سمٹ  کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے عاطف باجوہ نے کہا کہ ” سمٹ بینکنگ انڈسٹری اور اس کے اسٹیک ہولڈرز کو ابھرتے ہوئے رجحانات، بینکاری اور فنانس کے مواقع سے متعلق اہم گفتگو میں شامل ہونے کے لیے  پلیٹ فارم مہیا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد عالمی اور مقامی اقتصادی ترقی، معاشی ترقی میں بینکاری کے شعبے کے کردار، ترجیحی شعبے کی فنانسنگ، اسلامی بینکاری کے مستقبل اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق اہم موضوعات کا احاطہ کرنا بھی ہے۔

مزید خبریں :