Time 13 فروری ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل کروم میں جلد آپ اے آئی کو اپنا پاس ورڈ بہتر بنانے کیلئے استعمال کرسکیں گے

گوگل کروم میں جلد آپ اے آئی کو اپنا پاس ورڈ بہتر بنانے کیلئے استعمال کرسکیں گے
ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے / فائل فوٹو

گوگل کی جانب سے کروم ویب براؤزر میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مشتمل ایسے کارآمد فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے جو صارفین کی آن لائن سکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔

ایک رپورٹ کے مطابق کروم براؤزر میں اے آئی پر مبنی ایک نئے فیچر آٹو میٹڈ پاس ورڈ چینج پر کام کیا جارہا ہے۔

یہ فیچر اس وقت خودکار طور پر کام کرے گا جب آپ کا پاس ورڈ کسی ہیکنگ حملے کی زد میں آنے کے بعد آن لائن کہیں جاری کیا جائے گا۔

اس فیچر کے تحت آپ کو اس وقت پاس ورڈ تبدیل کرنے کی تجویز دی جائے گی جب آپ سائن ان ہوں گے اور نئے پاس ورڈز کو بھی تجویز کیا جائے گا۔

اس طرح کا فیچر مختلف پاس ورڈ منیجرز میں پہلے سے موجود ہے مگر پہلی بار اسے براہ راست کروم براؤزر کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس سے آپ کو کسی الگ پروگرام کو انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اکثر صارفین کے پاس ورڈز لیکس ہوتے رہتے ہیں اور بیشتر افراد کو علم بھی نہیں ہوتا کہ ان کا پاس ورڈ ڈارک ویب میں لیک ہو چکا ہے۔

ابھی کروم کے اس نئے فیچر کے بارے میں زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں جیسے یہ معلوم نہیں کہ اس کی جانب سے نئے پاس ورڈز کس طرح جنریٹ کیے جائیں گے اور وہ کس حد تک محفوظ ہوں گے۔

مگر پھر بھی صارف کو اس نئے فیچر سے یہ ضرور علم ہو جائے گا کہ اس کا پاس ورڈ لیک ہو چکا ہے اور اسے تبدیل کر دینا چاہیے۔

ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :