14 فروری ، 2025
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بین سیئرز ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے، انہیں بدھ کو کراچی میں ٹریننگ سیشن کے دوران انجری ہوئی۔
بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے اور وہ پہلے ہی 3 ملکی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ ٹیم کے ہمراہ ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صائم ایوب اور بھارت کے جسپرت بمراہ بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں جب کہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک ذاتی وجہ کی بنا پر میگا ایونٹ سے باہر ہوئے ہیں۔
افغان اسپنر اے ایم غضنفر بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے جب کہ جنوبی افریقا کو فاسٹ بولر اینرک نورکیا کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔