Time 14 فروری ، 2025
دنیا

اسرائیل کا تیار شدہ مکانات غزہ لے جانے کی اجازت دینے سے انکار

اسرائیل کا تیار شدہ مکانات غزہ لے جانے کی اجازت دینے سے انکار
اسرائیلی حکام کی جانب سے صرف کھانے پینے کی اشیاء، دوائیں، کمبل اور ٹینٹس کو غزہ کے لوگوں تک پہنچانے کی اجازت دی جارہی ہے/ فوٹو: عرب میڈیا 

اسرائیل نے سخت موسم کا سامنا کرنے والے فلسطینیوں کے لیے تیار شدہ مکانات غزہ لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کی یقین دہانی کے بعد گزشتہ دنوں حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی ڈیل کے مطابق رہائی کا اعلان کیا تھا جس سے جنگ بندی ڈیل پر منڈلاتے سائے ختم ہوگئے تھے مگر اسرائیلی حکام تاحال معاہدے کے مطابق امدادی اشیاء کو غزہ میں داخل نہیں ہونے دے رہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام جنگ بندی معاہدے کے مطابق رفح بارڈر پر مصر کی طرف کھڑی بھاری مشینری اور شہریوں کے لیے تیار شدہ مکانات (Mobile Houses) کو غزہ میں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی جانب سے صرف کھانے پینے کی اشیاء، دوائیں، کمبل اور ٹینٹس کو غزہ کے لوگوں تک پہنچانے کی اجازت دی جارہی ہے مگر وہ بھی ناکافی مقدار میں ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق علاج کی غرض سے مریضوں کو رفح بارڈر سے مصر میں داخل ہونے دیا جارہا ہے۔

عرب میڈیا کی جانب سے اگلے 24 گھنٹوں کو بہت اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ حماس نے کل (ہفتے والے دن) مزید کچھ اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنا ہے لیکن اسرائیل تاحال جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کرنے سے گریزاں ہے۔ 


مزید خبریں :