14 فروری ، 2025
پاکستان تحریک انصاف سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا شکل نہ دکھاؤ تو میں ملک چھوڑ دوں گا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھاکہ صوابی جلسے میں مہمان کے طورپر گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کوہربات ٹھیک نہیں بتائی جاتی، کان بھرے جاتے ہیں، یہ وزارتیں اور قائمہ کمیٹیاں لینے بانی پی ٹی آئی کے پاس جاتے ہیں، یہ کسی کو بنانے یا پھر گرانے کیلئے ان کے پاس جاتے ہیں۔
شیرافضل مروت کا کہنا تھاکہ پارٹی فنڈ اور وکلا کو فیس دینے کے آڈٹ کا مطالبہ کیا، ماضی میں پارٹی ٹکٹ بیچنے کاالزام لگا اس کا آڈٹ ہونا چاہیے، تحریک انصاف میں اجارہ داری ہے اس کااحتساب ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اسمبلی سے استعفیٰ دو تو ایک منٹ نہیں لگاؤں گا، انہوں نے کہا کہ شکل نہ دکھاؤ تو میں ملک چھوڑ دوں گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی سے نکال دیا تھا جس کے جواب میں شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر طویل تحریر لکھی تھی جس میں ان کا کہنا تھا پارٹی اگر خود سے مجھ سے متعلق فیصلے پر نظر کرے تو ٹھیک ورنہ میں اپنے لیے کوئی رعایت نہیں مانگوں اور پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے قبول کروں گا۔