Time 14 فروری ، 2025
کھیل

کراچی جیسی پچز پر ٹاپ 3 کو لمبا کھیلنا ہوگا تو رنز بنیں گے، اس میں ہماری کمی ہے: عاقب

کراچی جیسی پچز پر ٹاپ 3 کو لمبا کھیلنا ہوگا تو رنز بنیں گے، اس میں ہماری کمی ہے: عاقب
میں سمجھتا ہوں کہ ان کنڈیشنز پر بابر کو ہی اوپن کرنا چاہیے اورامید ہے کہ اہم میچ میں بابر اعظم ضرور بڑی اننگز کھیلیں گے: ہیڈکوچ پاکستان کرکٹ ٹیم— فوٹو:پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ صبح سے ہی اندازہ تھا آج کی وکٹ بڑے اسکور والی نہیں اس لیے پہلے بیٹنگ کی، اگر 270 ہوتے تو آج مختلف صورتحال ہوتی، ایسی پچز پر ٹاپ تین کو لمبا کھیلنا ہوگا تو رنز بنیں گے، اس کی ہم میں کمی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ آپ بہترین دستیاب آپشن میں سے ہی پلیئر کھلاتے ہیں، ابرار کی وائٹ بال میں پرفارمنس اچھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپنرز کا کام اچھا آغاز فراہم کرنا ہوتا ہے یہاں کی پچز پر ٹاپ آرڈر پر زیادہ پریشر نہیں اور ہماری سوچ تھی کہ بہترین بیٹر ہی اوپن کرے تاکہ دائرے کا بہترین فائدہ لیں۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کل گیارہویں سے چالیسویں اوور کی بیٹنگ بہت اہم ہے، اس میں سنبھل کر کھیلنا ہوتا اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کنڈیشنز پر بابر کو ہی اوپن کرنا چاہیے اورامید ہے کہ اہم میچ میں بابر اعظم ضرور بڑی اننگز کھیلیں گے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ ٹیم کا بیلنس دیکھنا ہوتا ہے، اگر دو اسپیشلسٹ اسپنر کھلائیں گے تو آپ کو دو پیسرز کے ساتھ جانا ہوگا، ہر ٹیم کے پاس ایک اسپیشلسٹ اسپنر ہے اور ایک آلراؤنڈر ہے، پچھلے میچ میں اور آج بھی خوشدل نے اچھی بولنگ کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ابتدائی وکٹیں جلد گر جاتی تو اس سے حریف اسپنر کو انڈر پریشر بیٹر ملتے ہیں، اگر وکٹیں نہ گری ہوں تو حریف اسپنرز حاوی نہیں ہوسکتے.

ان کا کہنا تھاکہ صبح سے ہی اندازہ تھا آج کی وکٹ بڑے اسکور والی نہیں اس لیے پہلے بیٹنگ کی، اگر 270 ہوتے تو آج مختلف صورتحال ہوتی، ایسی پچز پر ٹاپ تین کو لمبا کھیلنا ہوگا تو رنز بنیں گے، یہ چیز ہماری کمی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بہت اچھا کرے گی، ایک دو میچ کر ہار کر لوگوں کو لگتا ہے ٹیم میں کچھ نہیں بچا، اس ٹیم میں وہ سب کچھ ہے جو ٹاپ پر جا سکتی ہے، ہمیں اسپن آلراؤنڈر اور پیس آلراؤنڈر رکھنا تھا اس لیے خوشدل اور فہیم ٹیم میں ہیں، جب آپ ٹورنامنٹ کھیل رہے ہوتے ہیں تو مختلف ورائٹی رکھنا ہوتی۔

ان کا کہنا تھاکہ تین میچز میں ہم نے مختلف کمبی نیشن دیکھا اور چیزیں آزمائیں، اندازہ ہے کہ کہاں کیا کرنا ہے، اگر فخر اور بابر کی اوپر سے اچھی شراکت لگ جائے تو بہت کچھ بہتر ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی۔ پاکستان کے 243 رنز کا ہدف کیویز نے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

مزید خبریں :