14 فروری ، 2025
ملک کے مختلف شہروں میں متنازع پیکا قانون کے خلاف صحافیوں نے احتجاج کیا۔
اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں سینئر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ پیکا کے خلاف ہم آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائیں گے، آخری کال پارلیمنٹ پر دھرنے کی ہوگی جس کی واپسی کی کوئی تاریخ نہیں ہوگی۔
لاہورپریس کلب کے بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب میں پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ پیکا قانون کے خلاف احتجاج اس کے خاتمے تک جاری رہے گا، حکومت سچ کو دبانے کے لیے قانون پر قانون بنارہی ہے۔
کراچی پریس کلب میں بھوک ہڑتالی کیمپ کے تیسرے روز مختلف سیاسی و مزدور رہنماؤں سمیت وکلا اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوئٹہ میں بھی صحافیوں کا احتجاج جاری ہے جبکہ سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں بھی یونین آف جرنلسٹس نے متنازع پیکا ترمیمی بل کے خلاف مظاہرے کیے۔