15 فروری ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہورہا ہے، ایونٹ میں شامل 8 ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں لیکن بد قسمتی سے کئی ٹیمیں اپنے اہم ترین کھلاڑیوں کے بغیر ہی میدان میں اتریں گی۔
ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی متعدد کھلاڑی مختلف وجوہات، خصوصاً انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں جن میں ایسے بڑے نام بھی شامل ہیں جن پر ان کی ٹیم کافی انحصار کرتی تھی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیموں کی جانب سے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا لیکن بدقسمتی سے کھلاڑیوں کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے کئی ٹیموں کو ڈیڈلائن سے قبل اپنے اسکواڈ میں تبدیلی بھی کرنا پڑی۔
یہاں ان اہم کھلاڑیوں کا ذکر کیا جارہا ہےجو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شائقین کرکٹ کو نظر نہیں آئیں گے۔
22 سالہ صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹخنے کی انجری کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبان ٹیم پاکستان کے لیے صائم ایوب کی انجری ایک بڑا دھچکا ہے۔ نوجوان بیٹر نے صرف 9 ون ڈے میچز میں 3 سنچریاں اسکور کر کے خود کو پاکستان کے مستقبل کا اہم بیٹر ثابت کیا ہے۔
پاکستان کو اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے اور صائم کی غیر موجودگی کے سبب قومی ٹیم کو نئی حکمت عملی بنانا ہو گی۔
بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بھی انجری کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نظر نہیں آئیں گے۔ یہ بھارت کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے کیوں کہ بمراہ اس وقت بہترین فارم میں تھے۔
بمراہ کو آسٹریلیا کے خلاف بارڈرگواسکر ٹرافی کے دوران کمر کی انجری ہوئی تھی، جو توقع کے مطابق ٹھیک نہیں ہو سکی۔
بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں اپنے اسٹار فاسٹ بولر کی کمی شدت سے محسوس کرے گی اور ان کی جگہ کم تجربہ کار بولر ہرشت رانا کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل جس ٹیم کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا ہے ،جس کے 5 اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے۔
سب سے اہم نام آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا ہے جو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوئے۔ ان کی جگہ اسٹیو اسمتھ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلیا کو نہ صرف ان کی بولنگ بلکہ ان کی بہترین کپتانی سے بھی محروم ہونا پڑے گا۔
آسٹریلیا کے سب سے اہم فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے دستبرداری کا اعلان کیا جس کی وجہ ذاتی معاملات بتائی گئی ہے۔
اسٹارک دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز میں سے ایک ہیں اور خاص طور پر بڑے میچز میں زبردست پرفارمنس دینے کی وجہ سے مشہور ہیں۔
مچل اسٹارک کی غیر موجودگی میں ممکنہ طور پر آسٹریلوی بولنگ لائن بظاہر کمزور ہوجائے گی۔
آسٹریلیا کے 3 بڑے فاسٹ بولرز میں سے ایک جوش ہیزل ووڈ بھی انجری کے سبب چیمپئنز ٹرافی میں نہیں کھیل سکیں گے۔
ان کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ کو ایک نسبتاً کم تجربہ کار بولنگ اٹیک کی قیادت کرنی ہو گی۔
ہیزل ووڈ آسٹریلیا کے لیے ورلڈ کپ 2023 میں انتہائی اہم بولر ثابت ہوئے تھے، خاص طور پر سیمی فائنل اور فائنل میں ان کی بولنگ نے ٹیم کو جیت میں مدد دی تھی۔
آسٹریلیا کے اہم آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل اچانک ون ڈے کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
مارکوس اسٹوئنس ٹی ٹونٹی کرکٹ پر فوکس کے لیے ون ڈے سے ریٹائر ہوئے، اسٹوئنس چیمپئنز ٹرافی کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
آسٹریلیا کے ایک اور اہم آل راؤنڈر مچل مارش بھی فٹنس مسائل کے باعث چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔
جنوبی افریقی ٹیم نے گزشتہ ماہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر اینرک نوکیا بدقستمی سے کمر کی انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے۔
اینرک نوکیا کی انجری کی بعد جیرالڈ کوئیٹزی کو پاکستان میں ہونے والی سہہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے جنوبی افریقا کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
لیکن بدقستمی سے ٹریننگ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے جیرالڈ کوئیٹزی کو اپنی ران میں کھنچاؤ محسوس ہوا۔فاسٹ بولر کا میڈیکل ٹیم نے معائنہ کیا جس میں ان کی انجری کو شدید قرار دیا گیا۔
جس کی وجہ سے کوئیٹزی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
نوکیا اور کوئیٹزی کی انجری کے بعد جنوبی افریقا کی فاسٹ بولنگ کا زیادہ تر دار و مدار فاسٹ بولر کگیسو رباڈا پر ہی ہو گا۔
افغانستان کے ابھرتے ہوئے اسپنر اے ایم غضنفر بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے اسپنر ایم اے غضنفر کے انجرڈ ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ غضنر فریکچر کی وجہ سے 4 ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں ۔
انگلینڈ کے نوجوان آل راؤنڈر جیکب بیتھل بھی بدقسمتی سے اپنے پہلے بڑے آئی سی سی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
جیکب بیتھل بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔وہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے انگلش ٹیم کا حصہ تھے۔جیکب کی جگہ چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں ٹام بینٹن کو شامل کرلیا ہے۔
جیکب بیتھل نہ صرف بیٹنگ میں اہم کردار ادا کر سکتے تھے بلکہ ان کی اسپن بولنگ بھی انگلش ٹیم کے لیے مددگار ثابت ہوسکتی تھی۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق بین سیئرز ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے، انہیں بدھ کو کراچی میں ٹریننگ سیشن کے دوران انجری ہوئی۔
بین سیئرز کی جگہ جیکب ڈفی کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کئی اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے سبب مزید دلچسپ ہو سکتی ہے، کیونکہ ٹیموں کو متبادل کھلاڑیوں پر انحصار کرنا پڑے گا اور نئے چہرے بڑی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ 19 فروری کو کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں مدمقابل ہوں گے۔