15 فروری ، 2025
بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو ویلنٹائن ڈے پر ایک محبت بھرا خط اور قیمتی تحفہ ملا ہے۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اور جیکولین فرنینڈس سے ماضی میں مبینہ تعلق میں رہنے والے ملزم سکیش چندر شیکھر نے جیکولین کو ویلنٹائن ڈے پر خط کے ہمراہ شاندار تحفہ بھی بھیجا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سکیش چندر شیکھر منی لانڈرنگ کیس میں 2015 سے جیل میں قید ہے اور وہ اکثر جیکولین فرنینڈس کو خط بھیجتا ہے۔ اس بار چندر شیکھر نے ویلنٹائن ڈے پر اداکارہ کو خط کے ہمراہ قیمتی پرائیویٹ جیٹ( نجی طیارہ) تحفے میں دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندر شیکھر نے جیکولین کے نام خط میں لکھا کہ ' جیکی، میں تم سے بہت، بہت محبت کرتا ہوں، تم جانتی ہو کہ ہمارے لیے ویلنٹائن ڈے کتنا خاص ہے، ہماری محبت کا آغاز اسی دن ہوا تھا، وہ دن جب ہم نے ایک دوسرے کو مکمل طور پر قبول کیا اور معاف کیا۔ یہ ہمیشہ ہماری زندگی کا سب سے خاص دن رہے گا۔ ویلنٹائن ڈے ہے، تو میں تمہیں سرپرائز دیے بغیر کیسے رہ سکتا ہوں؟ تمہارا ویلنٹائن ڈے گفٹ ایک خاص طور پر تیار کردہ گلف اسٹریم جیٹ ہے'۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چندر شیکھر نے خط میں بتایا کہ اس جہاز کا رجسٹریشن نمبر جیکولین کی تاریخ پیدائش ہے۔
اپنے خط میں چندر شیکھر نے یہ بھی ذکر کیا کہ وہ اس جیٹ کو اپنی ٹیکس ریٹرنز میں ظاہر کرے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر چندرشیکھرسے مہنگے تحائف وصول کرنےکے الزامات ہیں جبکہ چندرشیکھر پرکروڑوں روپےکے فراڈ اور بھتہ وصول کے سنگین الزامات ہیں جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سکیش چندرشیکھر کروڑوں روپے کے فراڈ کے الزامات میں 2015 سے جیل میں قید ہے۔ جب 2021 میں تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس کے خلاف تحقیقات شروع کیں، تو اس کا تعلق بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس سے سامنے آیا۔
چندر شیکھر سے منسوب کروڑوں روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں اداکارہ جیکولین فرنینڈس بھی ملزم نامزد ہوئیں۔
بعد ازاں ملزم سکیش چندر شیکھر نے جیکولین فرنینڈس کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تردید کی۔
سکیش کا دعویٰ ہے کہ وہ جیکولین کو ڈیٹ کر رہا تھا، اور ان دونوں کی کچھ تصاویر بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔تاہم جیکولین نے ان دعوؤں کو مسترد کیا اور کہا کہ سکیش نے مجھے دھوکہ دیا اور خود کو ایک معزز بزنس مین کے طور پر پیش کیا۔
اس کے علاوہ جیکولین نے سکیش پر دھمکانے اور ہراساں کرنے کا الزام بھی لگایا، جس کے باعث وہ شدید خوف اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں۔
واضح رہے کہ جیکولین فرنینڈس نے سکیش چندرشیکھر کے پیغامات روکنے کے لیے درخواست دائر کی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود ان پیغامات اور خطوط کا سلسلہ جاری ہے۔