16 فروری ، 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر ایلون مسک کے 4 سالہ بیٹےکی امریکی صدارتی آفس میں دلچسپ اور معصوم حرکتوں کی ویڈیوز وائرل ہوگئی ہیں۔
11 فروری کو اوول آفس میں ٹرمپ اور ایلون مسک کی میڈیا سے بات چیت کے دوران ایلون مسک کا 4 سالہ بیٹا بھی موجود تھا جس نے اپنی حرکتوں سے سب کی توجہ سمیٹی۔
بعد ازاں ایلون مسک کو پریس کانفرنس میں بیٹےکو لانے پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
پریس کانفرنس کے دوران جب ٹرمپ اور مسک صحافیوں کے سوالات کے جوابات دینے میں مصروف تھے تو ایسے میں مسک کے بیٹے کی باتیں بھی کیمرے نے ریکارڈ کرلیں۔
مسک کے 4 سالہ بیٹےکا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں آپ اپنا منہ بند رکھیں۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ بات سامنے موجود کسی رپورٹر کو کہی گئی ہے تاہم سوشل میڈیا پر اکثر افراد کا یہ بھی کہنا ہےکہ بچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مخاطب تھا جب کہ بعض افراد کا دعویٰ ہے کہ اے آئی کے ذریعے ویڈیو میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک طرف ایلون مسک بریفنگ دے رہے ہیں تو دوسری طرف ان کا شرارتی بیٹا کبھی نقل اتار رہا ہے اور کبھی ناک میں انگلی ڈال کر گھما رہا ہے، کبھی ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس جا کر انہیں کچھ کہہ رہا ہے اور کبھی اپنے والد کے کاندھے پر چڑھا ہوا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایلون مسک کے شرارتی بچے سے متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اعلیٰ درجے کی ذہانت والا بچہ ہے۔