16 فروری ، 2025
لوئردیر میں یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے پروفیسر کو گرفتارکرلیاگیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محیب اللہ کے مطابق ملزم کےخلاف طالبہ نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت کی تھی۔
انہوں نے بتایاکہ پروفیسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
طالبہ نے مقدمے میں کہا ہے کہ ملزم مجھے کئی مہینوں سے ہراساں کرنے کی کوشش کررہاتھا اور ملزم نے گھر آکر مجھے اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق پروفیسر کو گرفتاری کے فوری بعد معطل کردیاگیا اور ملزم کےخلاف ہراسمنٹ کمیٹی کوکیس بھیج دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مالاکنڈ یونیورسٹی میں طالبہ کو مبینہ ہراساں کرنے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمنسٹریشن آصف رحیم اور اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ سینٹرل پولیس آفس سونیا شمروز شامل ہیں، کمیٹی موقع پر جاکر شواہد اکٹھے کرے گی اور متعلقہ افراد کے بیانات قلمبند کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لوئر دیر تحقیقاتی کمیٹی کو انتظامی معاونت اور تعاون فراہم کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ 15 دن کے اندر جمع کرائے گی جبکہ وائس چانسلر مالاکنڈ یونیورسٹی کو مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے۔