Time 19 فروری ، 2025
دنیا

کلکتہ کی عدالت کا تاریخی فیصلہ، 7 ماہ کی بچی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت کا حکم

کلکتہ کی عدالت کا تاریخی فیصلہ، 7 ماہ کی بچی سے زیادتی کے مجرم کو سزائے موت کا حکم
7 ماہ کی متاثرہ بچی ابھی بھی نازک حالت میں ہے اور کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں زیر علاج ہے/ فائل فوٹو

بھارتی شہر کلکتہ میں خصوصی عدالت نے زیادتی کیس میں تاریخی فیصلہ سنادیا۔

 کلکتہ کی ایک خصوصی عدالت نے راجیو گھوش نامی شخص کو 7 ماہ کی نوزائیدہ سے زیادتی کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے سزائے موت کا حکم دیا۔

 عدالت نے جرم کو 'انتہائی نایاب' قرار دیتے ہوئے متاثرہ بچی کے خاندان کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی حکم دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک واقعہ کلکتہ کے برٹولا علاقے میں 30 نومبر 2024 کو پیش آیا تھا جب شیر خوار کے لاپتا ہونے کی اطلاع اس کے والدین نے دی، جو فٹ پاتھ پر رہتے تھے، کئی گھنٹے بعد بچی فٹ پاتھ پر روتی ہوئی شدید زخمی حالت میں ملی اور طبی معائنے سے بچی سے جنسی زیادتی کا انکشاف ہوا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی اور ملزم راجیو گھوش کی شناخت کی، گھوش کو گزشتہ سال 4 دسمبر کو مغربی بنگال کے جھارگرام سے اس جرم کے چند دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 26 دنوں میں عدالت میں چارج شیٹ پیش کرنے کے ساتھ تفتیش تیزی سے مکمل کی گئی اور کیس کو تیز رفتاری سے چلایا گیا جس کی وجہ سے اس کی جلد سماعت ہوئی۔

عدالت ڈی این اے شواہد کو دیکھنے کے بعد اطمینان کیا اور 17 فروری 2025 کو ملزم راجیو گھوش کو سزائے موت کا حکم سنایا۔

دوسری جانب 7 ماہ کی متاثرہ بچی ابھی بھی نازک حالت میں ہے اور کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔

مزید خبریں :