19 فروری ، 2025
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ پروڈکشن، گانے، فلم اور ڈاکیومنٹریز کی تیاری کے لیے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیراطلاعات عطا تارڑ نے سعودی وزیربرائے میڈیاسلمان بن یوسف الدوسیری سے ریاض میں ملاقات کی۔ عطا تارڑ نے سعودی ہم منصب کو سعودی میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروڈکشن، گانے، فلم اورڈاکیومنٹریز کی تیاری کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں صحافیوں کے تبادلے اور تربیتی پروگراموں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون سے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، سعودی وژن 2030 کی حمایت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کومضبوط بنانےکیلئے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کیلئے سنہری مواقع ہیں، پاکستان سعودی عرب برادرانہ تعلقات اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
سعودی وزیر کا کہنا تھاکہ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کی آئندہ میٹنگ پاکستان میں ہوگی، پاکستانیوں کی بڑی تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور پاکستان کےساتھ اطلاعات سمیت تمام شعبوں میں تعاون کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔