Time 19 فروری ، 2025
کھیل

خوشدل شاہ خود کیلئے 'پرچی' کے نعروں پر بول پڑے

خوشدل شاہ خود کیلئے پرچی کے نعروں پر بول پڑے
فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خوشدل شاہ کا کہنا ہےکہ میں نے کبھی بھی اپنے لیے کرکٹ نہیں کھیلی، اگر میں اپنے اسکور کے لیےکھیل رہا ہوتا تو آج پرچی پرچی کی آواز نہ لگتی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60 رنز سے شکست کے بعد مکسڈ زون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ شروع میں فخر کے نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا  آغاز  اچھا نہیں ہوسکا، چاہے جو بھی درکار رن ریٹ ہو، میں وکٹ کی پروا کیے بغیر کوشش کرتا ہوں، آج بھی میری یہی کوشش تھی کہ ٹیم کے لیے بہتر سے بہتر کروں۔

خوشدل شاہ کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ سے یہی بات ہو رہی تھی کہ آگر آخری اوور تک گئے تو میچ ہاتھ میں ہوگا، میں نے کبھی بھی اپنے لیے کرکٹ نہیں کھیلی، اگر میں اپنے اسکور کے لیےکھیل رہا ہوتا تو آج پرچی پرچی کی آواز نہ لگتی، لوگ تو مجھ پر دو سال سے آوازیں لگا رہے ہیں، اب تو عادت ہوگئی، اب تو کہتا ہوں کہ اور آواز لگاؤ، ہوم گراؤنڈ پر پلیئر انجوائے کرنا چاہتا ہے اس طرح نہیں ہونا چاہیے۔

خوشدل شاہ نے کہا کہ کھلاڑی کے لیے غلط نعرے لگیں تو برا لگتا ہے، لیکن میں انجوائے کررہا ہوں، اس کو ہینڈل کرسکتا ہوں، مجھے خود بھی پتہ نہیں تھا کہ میں ٹیم میں کیسے سلیکٹ ہوا ہوں، ہمارے ملک میں چیمپئنز ٹرافی ہورہی ہے، تو لوگوں کو چاہیےکہ ٹیم اور پلیئرز کو بیک کریں، ڈومیسٹک میں جو چھٹے ساتویں نمبر پر میری پرفارمنس ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ٹیم سے ڈراپ ہوا تھا تو یہی سوچا تھا کہ ایسا کم بیک کروں کہ کسی کو شک نہ ہو،  لوگوں کو یہ نہیں پتہ ہوتا کہ ایک پلیئر کتنی محنت کرتا ہے، چار پانچ پلیئر ہیں جو اس بیٹنگ پوزیشن پر آتے جاتے رہتے ہیں، چھ سات نمبر  پرکھیلنے کے لیے کھلاڑی کو کافی سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میں کبھی ایسی صورتحال میں نہیں آیا جب ٹیم مشکل میں نہ ہو۔

خوشدل شاہ نے مزید کہا کہ آج چالیس فیصد گیم میں واپس آگئے تھے مگر بعد میں وکٹ نہیں تھی تو مشکل ہوئی، ہمارا فوکس ہوتا ہے کہ ہم میچ کیسے جیتیں،ٓ آج میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا لیکن آگےکوشش ہوگی کہ میچ اچھے انداز میں فنش کریں۔

مزید خبریں :