Time 20 فروری ، 2025
کھیل

آخری اوورز میں ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی، کیوی بیٹرز بہت ہوشیاری سے کھیلے: کپتان رضوان

آخری اوورز میں ہم نے بولنگ اچھی نہیں کی، کیوی بیٹرز بہت ہوشیاری سے کھیلے: کپتان رضوان
فوٹو: اسکرین گریب

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں کیویز کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ آخری اوورز میں بولنگ بھی اچھی نہیں رہی، نیوزی لینڈ نے اچھا ہدف دیا تھا۔

بدھ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ول ینگ نے 107ا ور ٹام لیتھم نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔

کیویز کے 321 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 48 ویں اوور میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے اچھا ہدف دیا تھا، ینگ اور لیتھم کی شراکت بہت اہم رہی۔وہ بہت ہوشیاری سے کھیلے۔ 

رضوان نے تسلیم کیا کہ آخری اوورز میں بولنگ بھی اچھی نہیں رہی ، فخر کی اسکین رپورٹ دیکھتے ہیں کیا آتی ہے ، نیوزی لینڈ سے میچ ختم ہوگیا اور اگلا میچ ہمارے لیے ایک اور عام میچ ہے۔ 

اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اچھی بولنگ کی ، لیکن ینگ اور لیتھم نے گیم کا رخ بدل کر رکھ دیا ، وہ 260-280 کا ٹوٹل سوچ رہے تھے ، پھر بولروں نے بھی ابتدائی 10 اوورز میں اچھی گیندیں کیں، گراؤنڈ فیلڈنگ بھی شاندار رہی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سلمان آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ اس وکٹ پر 300 عبور کیا جاسکتا تھا، ہمیں بیٹنگ میں اچھا آغاز نہ مل سکا، 320 رنز کرنا ہوتے ہیں تو پاور پلے میں اچھا کھیلنا پڑتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو دبئی میں بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

مزید خبریں :