21 فروری ، 2025
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس پر چھوٹ دے دی۔
جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم معاشی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے منسلک ضروری انکم ٹیکس کی چھوٹ منظور کی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ انکم ٹیکس کی چھوٹ آئی سی سی اور پاکستان کے درمیان مشترکہ معاہدوں کے تحت ہوگی۔ انکم ٹیکس چھوٹ کا ٹیکس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی، پی سی بی اور پی سی بی، آئی سی سی کو انکم ٹیکس میں چھوٹ دیں گے، انکم ٹیکس کی چھوٹ کا اطلاق چمپئنز ٹرافی کے انعامات اور آمدن پر ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چمپئنز ٹرافی میں سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں کویت میں بکرے اور بھیڑ برآمد کرنے کی سمری پر غور مؤخر کردیا گیا جبکہ وزارت توانائی کے لیے 6.8 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔