21 فروری ، 2025
بھارتی کرکٹر یزویندر چہل اور اہلیہ دھنا شری ورما کے درمیان علیحدگی کی وجوہات سامنے آگئیں۔
یزویندر چہل اور دھنا شری ورما باضابطہ طور پر علیحدہ ہو چکے ہیں، ان کی طلاق کی خبریں کئی مہینوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔
دونوں نے سوشل میڈیا پر مبہم پوسٹس شیئر کیں جن سے یہ اشارہ ملا کہ دونوں اپنی راہیں جدا کر چکے ہیں تاہم، دونوں میں سے کسی نے بھی اس فیصلے کی ممکنہ وجوہات پر کھل کر بات نہیں کی۔
اب یہ اطلاع ملی ہے کہ جوڑے کے درمیان علیحدگی کے لیے آخری سماعت اور تمام ضروری کارروائیاں باندرہ فیملی کورٹ میں طے ہوئیں جہاں دونوں افراد ذاتی طور پر موجود تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، جج کی ہدایت پر یزویندر چہل اور دھنا شری کے درمیان تقریباً 45 منٹ تک مشاورت جاری رہی، مشاورت کے بعد جج کو آگاہ کیا گیا کہ دونوں فریق باہمی رضامندی سے علیحدگی چاہتے ہیں۔
مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ چہل اور دھناشری گزشتہ 18 ماہ سے الگ رہ رہے تھے، جب ان سے طلاق کی ممکنہ وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ ان کے درمیان ہم آہنگی کے مسائل تھے۔
چہل نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا، "خدا نے مجھے بے شمار بار بچایا ہے، میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ کتنی بار مجھے ایسی مشکلات سے نکالا گیا ہو گا جن کا مجھے علم بھی نہیں تھا۔
دھنا شری نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پیغام شیئر کیا جس میں کہا گیا کہ کیا یہ حیرت انگیز نہیں کہ خدا کس طرح ہماری فکروں اور آزمائشوں کو برکت میں بدل سکتا ہے؟ اگر آج آپ کسی چیز کے بارے میں پریشان ہیں، تو جان لیں کہ آپ کے پاس ایک انتخاب ہے، یا تو آپ پریشان رہ سکتے ہیں یا پھر سب کچھ خدا کے سپرد کر کے ہر چیز کے لیے دعا کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھارتی ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی بھی اہلیہ نتاشا اسٹینکوویچ سے علیحدگی ہوئی تھی، دونوں کی شادی 2020 میں انجام پائی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔