Time 21 فروری ، 2025
کھیل

جنوبی افریقا کا چیمپئنز ٹرافی میں فاتحانہ آغاز، افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی

چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی۔

گروپ بی کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا کے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقا کی اننگز

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری اور ٹونی ڈی زوزی 11 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد ریان ریکلنٹن اور ٹمبا باؤما نے میچ کو مستحکم انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

تاہم باؤما 157 کے مجموعے پر محمد نبی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد ریکلٹن نے شاندار سنچری اسکور کی اور 103 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔  وین ڈر ڈیوسن اور ایڈین مارکرم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 52، 52 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔ افغانستان کے محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں، فضل حق فاروق، عظمت اللہ عمرزئی اور نور احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان کی اننگز

جنوبی افریقا کے 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور بیٹنگ لائن شروع ہی میں لڑکھڑا گئی۔ 50 رنز پر 4 پیٹرز پویلین پہنچ گئے پھر ایک اینڈ پر رحمت شاہ کھڑے ہوئے رنز بناتے رہے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں۔

افغان ٹیم 44 ویں اوور میں 208 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں اسے 107 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

افغانستان کے رحمت شاہ 90 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کے  کگیسو ربادا نے 3،  لیونگی نگیٹی اور ویان ملڈر نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارکو جانسن اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔

مزید خبریں :