Time 22 فروری ، 2025
دنیا

چین کا امریکا کی جانب سے محصولات کے نفاذ اور تجارتی پابندیوں پر تشویش کا اظہار

چین کا امریکا کی جانب سے محصولات کے نفاذ اور تجارتی پابندیوں پر تشویش کا اظہار
فوٹو:فائل

چین نے امریکا کی جانب سے محصولات کے نفاذ اور تجارتی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعہ کو چینی نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے درمیان بذریعہ وڈیو کال پرگفتگو ہوئی۔

گفتگو میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعلقات کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چینی نائب وزیر اعظم نے چین پر امریکی محصولات کے نفاذ پر شدید تشویش کا اظہار کیا،البتہ  دونوں فریقین نے باہمی تشویش کے امور پر بات چیت کرنے پر اتفاق کیا۔

امریکی محکمہ خزانہ کے بیان کے مطابق وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے چین کے انسداد منشیات کے اقدامات، اقتصادی عدم توازن اور غیر منصفانہ پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک نے چین امریکا اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری کے اوائل میں تمام چینی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیا تھا۔

چین نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے توانائی اور زرعی آلات سمیت بعض امریکی درآمدات پر 15 فیصد تک ٹیرف عائد کیے اور گوگل سمیت کئی کمپنیوں کو ممکنہ پابندیوں کے حوالے سے خبردار کیا۔


مزید خبریں :