Time 22 فروری ، 2025
کھیل

بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس، بابر شریک نہ ہوئے

بھارت کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم کی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس، بابر شریک نہ ہوئے
پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے اسٹیڈیم پہنچی اور رنگ آف فائر میں پریکٹس کی،فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں  بھارت کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی تاہم بابراعظم آج کی پریکٹس میں شریک نہ ہوئے۔

 پاکستان ٹیم بھارت کے خلاف میچ کی تیاری کے لیے اسٹیڈیم پہنچی اور  رنگ آف فائر میں  پریکٹس کی۔

قومی ٹیم کے اہم بیٹر بابر اعظم آج کی پریکٹس میں شریک نہیں ہوئے، بابر اعظم اسٹیڈیم نہیں پہنچے اور انہوں نے ہوٹل میں ہی فزیکل ٹریننگ کی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی  پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کل دبئی میں ٹاکرا ہوگا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ اگر دبئی میں بارش ہوئی تو بہت کم وقت کے لیے بادل برسیں گے جس سے میچ متاثر ہونےکا امکان کم ہے۔

دبئی میں اتوار کے روز دن کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے قوانین کے مطابق گروپ اسٹیج میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا۔

شائقین پُرامید ہیں کہ ہلکی بارش کے باوجود پاک بھارت مقابلہ شائقین کو مایوس نہیں کرے گا اور ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملےگا۔

مزید خبریں :