23 فروری ، 2025
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے حماس کے رہا کیے جانے والے 6 یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی طے شدہ رہائی کو مؤخر کرنے پر حماس کا ردعمل آگیا۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ حماس کی طرف سے بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں جس میں ہمارے قیدیوں کی عزت کو مجروح کرنے والی تقریبات اور پروپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال بھی شامل ہیں ان کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان پر حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کا منظر دو اسرائیلی یرغمالیوں نے گاڑی سے دیکھا، حماس نے ویڈیو بھی جاری کردی، دونوں یرغمالیوں نے اپنی حکومت سے رہائی ممکن بنانے کی اپیل کی۔
دوسری جانب حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین آج بیروت میں ہوگی، مختلف ملکوں سے لوگوں کی لبنان آمد جاری ہے۔
دارالحکومت بیروت سمیت لبنان بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔