Time 24 فروری ، 2025
دنیا

ایک سال میں 2 رمضان المبارک کب ہوں گے اور یہ کیسے ممکن ہوگا؟

ایک سال میں 2 رمضان المبارک کب ہوں گے اور یہ کیسے ممکن ہوگا؟
ایک عیسوی سال کے اندر 2 مرتبہ رمضان المبارک کی آمد آخری مرتبہ 1997 میں ہوئی تھی—فوٹو: فائل

ماہِ مقدس رمضان المبارک میں تقریباً ایک ہفتہ رہ گیا ہے اور دنیا بھر میں مسلمان ان دنوں رمضان کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ چند سالوں بعد دنیا بھر میں مسلمان ایک سال میں 2 مرتبہ رمضان کو خوش آمدید کہیں گے؟ 

جی ہاں! آئندہ چند سالوں میں ایسا ہونے جارہا ہے جب دنیا بھر میں مسلمان ایک مرتبہ پھر سال میں 2 مرتبہ ماہِ مقدس کا تجربہ کرسکیں گے۔

ایسا ہر 33 سال بعد ہوتا ہے اور فلکیاتی حساب کے مطابق 2030 میں دنیا بھر میں مسلمان 2 مرتبہ رمضان المبارک کا استقبال کریں گے، اس کی وجہ  قمری سال کی مدت کا شمسی سال کے مقابلے میں 11 سے 12 دِن کم ہونا ہے۔

دبئی سے منسلک فلکیات گروپ کے چیف ایگزیکٹو حسن احمد الہریری کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کے تناظر سے ایک سال میں 2 مرتبہ رمضان کا آنا کوئی عجوبے کی بات نہیں کیوں کہ قمری مہینہ ہر سال 10 سے 11دن آگے بڑھتا ہے۔

پہلے رمضان کا آغاز 4 جنوری 2030 اور دوسرے رمضان کا آغاز 26 دسمبر 2030 کو ہونے کا قومی امکان ہے، اس طرح 2030 میں دنیا بھر کے مسلمان ایک سال میں 36 روزے رکھیں گے۔

اس سے قبل ایک عیسوی سال کے اندر 2 مرتبہ رمضان المبارک کی آمد آخری مرتبہ 1997 میں ہوئی تھی اور اب پھر 2030 کے بعد ایسا دوبارہ 2063 سے پہلے نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :