Time 23 فروری ، 2025
دنیا

اسرائیلی ٹینک 20 سال سے زائد عرصے بعد مغربی کنارے کے شہر جنین میں داخل

مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت میں شدت آ گئی اور دو دہائیوں میں پہلی بار اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز مغربی کنارے میں ٹینک تعینات کر دیے۔

فلسطینی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں 3 اسرائیلی ٹینکوں کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے کان کے مطابق، ٹینکوں کی تعیناتی شمالی مغربی کنارے میں فوجی کارروائیوں میں توسیع کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ یہ 2002 کے بعد پہلا موقع ہے جب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ٹینک تعینات کیے ہیں۔ اس سے قبل یہ تعیناتی آپریشن ’ڈیفینسو شیلڈ‘ کے دوران کی گئی تھی۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ہدایت دی ہے کہ اسرائیلی فوج کم از کم اگلے ایک سال تک مغربی کنارے کے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں موجود رہے گی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج گزشتہ ماہ سے مغربی کنارے میں فوجی کارروائیاں کر رہی ہے، جس میں کم از کم 60 فلسطینی جاں بحق اور  تقریباً 40 ہزار  فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ بے گھر فلسطینیوں کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر حملوں کے آغاز کے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور غیر قانونی آباد کاروں کے حملوں میں کم از کم 923 فلسطینی شہید اور تقریباً 7 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں بین الاقوامی عدالتِ انصاف نے فلسطینی علاقوں پر  اسرائیل کے طویل عرصے سے جاری قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم سے تمام یہودی بستیاں خالی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


مزید خبریں :