23 فروری ، 2025
دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔
بھارتی بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے بابراعظم اور سعود شکیل کو آؤٹ کرکے پاکستان ٹیم کو بڑا ہدف دینے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پانڈیا نے 8 اوورز میں 31 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سوشل میڈیا پر جہاں ہاردک پانڈیا کی شاندار بولنگ کا چرچا ہے وہیں ان کی گھڑی بھی موضوع بحث ہے جو انہوں نے میچ کے دوران پہن رکھی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مہنگی گھڑیوں کے شوقین پانڈیا نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سوئس کمپنی رچرڈ ملے کی مہنگی گھڑی پہن رکھی تھی۔
خیال رہےکہ رچرڈ ملے ایک سوئس واچ برانڈ ہے جوکہ مہنگی ترین اور خاص ڈیزائنز والی گھڑیوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہاردک پانڈیا کی پہنی گئی گھڑی نایاب ہے جس کے صرف 50 سیٹ ہی بنائے گئے ہیں۔ یہ گھڑی خوبصورتی، پائیداری اور انجینئرنگ کا کمال ہے جسےکرسٹینا رونالڈو، رافیل نڈال اور ویرات کوہلی جیسے اسٹار کھلاڑی بھی پہنتے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس گھڑی کی قیمت تقریباً 3 لاکھ ڈالر سے زائد ہے جس کی رقم پاکستانی روپے میں 8 کروڑ 38 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔