24 فروری ، 2025
چینی سائنسدانوں نے چمگادڑوں میں ایک نیا کورونا وائرس دریافت کیا ہے جو ممکنہ طور پر سارس کوو 2 (کووڈ 19) کی طرح انسانوں میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس نئے وائرس کا نام ایچ کیو یو 5 کوو 2 رکھا گیا تھا۔
یہ نیا وائرس بھی سارس کوو 2 کی طرح انسانی ریسیپٹر کو ہدف بنا کر جسم میں داخل ہوتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ یہ وائرس بھی ممکنہ طور پر ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوسکتا ہے بلکہ مختلف جانداروں میں گردش کرسکتا ہے۔
گوانگزو لیبارٹری کے محققین نے اس وائرس کو دریافت کیا اور تحقیقی ٹیم کی قیادت زینگ لی شائی نے کی۔
زینگ لی شائی کو بیٹ ویمن بھی کہا جاتا ہے جو ووہان انسٹیٹیوٹ آف وائرلوجی میں کام کرتی ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میں شائع ہوئے جس میں بتایا گیا کہ چمگادڑوں میں موجود ایچ کیو یو 5 کوو 2 مؤثر طریقے سے انسانی ایس 2 ریسیپٹر کو استعمال کرکے جسم میں داخل ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ یہ وائرس انسانی خلیات کو متاثر کرسکتا ہے جبکہ یہ معلوم ہوا کہ پھیپھڑوں اور آنتوں کے نمونوں میں یہ وائرس تیزی سے اپنی تعداد بڑھاتا ہے۔
مزید تجربات میں محققین نے ایسی اینٹی باڈیز اور اینٹی وائرل ادویات کو بھی دریافت کیا جو اس وائرس کو ہدف بناتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ فی الحال یہ نیا وائرس انسانوں کو متاثر کرنے کے حوالے سے کووڈ 19 کا باعث بننے والے کورونا وائرس جتنا مؤثر نہیں۔
محققین کے مطابق اس وائرس سے کووڈ 19 جیسی عالمی وبا کا خطرہ بہت کم ہے کیونکہ کووڈ ویکسینز سے انسانوں میں پیدا ہونے والی مدافعت بیماری سے تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔