Time 27 فروری ، 2025
دنیا

حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں، فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا انتظار

حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں، فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا انتظار
فوٹو: اے پی

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس عہدیدار نے بتایا ہے کہ چاروں اسرائیلیوں کی لاشیں کچھ دیر پہلے ریڈ کراس کےحوالے کیں، اب فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے منتظر ہیں۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اسرائیل کے حوالے کیے جانے والے ہلاک یرغمالیوں کی شناخت ظاہر کردی تھی۔

ابوعبیدہ کے مطابق یہ لاشیں اتساحی عیدان، ایتسیک الجریط، اوھاد یہلومی اور شلومو منصور نامی یرغمالیوں کی ہیں۔

ادھر ایک اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے بھی خبر رساں ایجنسی کو تصدیق کرتے ہوئے  بتایا کہ حماس نے 4 لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں۔

معاہدے کے تحت اب اسرائیل کی جانب سے 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا انتظار ہے۔

یاد رہےکہ گزشتہ ہفتے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے پیدا ہونے والے بحران کو حل کرنے کے لیے حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 مزید یرغمالیوں کی لاشوں کے بدلے 620 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر اتفاق ہوا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق 600 سے زائد فلسطینی قیدی جو پچھلے ہفتے رہا ہونے تھے لیکن اسرائیل کی جانب سے ان کی رہائی روک دی گئی تھی تاہم انہیں آج رہا کیا جائے گا۔ 


مزید خبریں :