27 فروری ، 2025
وفاقی کابینہ میں 2 درجن سے زائد نئے ارکان کی شمولیت ہوگئی، ارکان نے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں حلف اٹھالیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزرا سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔
آج 12 وفاقی وزرا اور 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا ہے۔ وفاقی کابینہ میں نئے تین مشیر بھی شامل کیےگئے ہیں۔
حلف لینے والوں میں حنیف عباسی، معین وٹو،مصطفیٰ کمال،سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج، طارق فضل چوہدری، علی پرویزملک،شزا فاطمہ،جنید انور اور خالد مگسی نے بھی بطور وفاقی وزیرحلف اٹھایا۔
ان کے علاوہ طلال چوہدری، بیرسٹرعقیل ملک، ملک رشید،کھیئل داس کوہستانی، عبدالرحمان کانجو، بلال اظہرکیانی، مختاربھرت،عون چوہدری اور وجیہہ قمر نے بھی بطور وزیرمملکت حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزرا اور نو منتخب ارکان کابینہ کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔
ایک وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت آج حلف نہیں اٹھاسکے، اسلام آباد میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تینوں وزرا وقت پرنہ پہنچ سکے۔
عمران شاہ نے آج وفاقی وزیر کا حلف اٹھانا تھا جب کہ شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے بطور وزیرمملکت حلف اٹھانا تھا۔
وفاقی کابینہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے نئے تین مشیر بھی شامل کیےگئے ہیں۔
نئے مشیران میں پرویز خٹک، توقیر شاہ اور محمد علی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وزیراعظم کے 4 معاونین خصوصی بھی مقرر کیےگئے ہیں۔
ہارون اختر، حذیفہ رحمان، مبارک زیب اور طلحہ برکی وزیراعظم کے معاونین خصوصی مقرر کیے گئے ہیں۔
کابینہ ڈویژن نے چاروں معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر معاونین خصوصی کی تقرری کی منظوری دی ہے۔