27 فروری ، 2025
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے اور سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع استور میں 3 دن سے سال کی شدید ترین برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شدید برفباری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ کاروباری مراکز ویران ہوگئے۔
شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ مختلف علاقوں میں 3فٹ سے لے کر6 فٹ تک برفباری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا سلسلہ 2 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
وادی نیلم میں بھی شدید برفباری جاری ہے، شاردہ کیل مرکزی شاہراہ برفانی تودہ گرنے سے بند ہوگئی اور شاردہ سے کیل جانے والے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں۔
وادی لیپہ میں برف میں پھنسے 100 سے زائد افراد کوبحفاظت نکال لیا گیا۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق ریشیاں لیپہ شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافر شدید برفباری کی وجہ سے پھنس گئے تھے، محکمہ شاہرات کےعملے نے بھاری مشینری کی مدد سے شہریوں کو ریسکیو کیا۔
ادھر گلیات میں ریسکیو آپریشن مکمل کرکے سیاحوں کو باحفاظت نکال لیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق تمام سڑکیں صاف کردی گئی ہیں، سیاحوں کا داخلہ بدستور بند ہے،گلیات میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
ایبٹ آباد میں بھی برفباری کے باعث مختلف سیاحتی مقامات پر سیاح پھنس گئے۔
ڈائریکٹر جی ڈی اے کے مطابق سیاحوں کو ریسکیو کرنےکے لیے خصوصی آپریشن شروع کیا ہے، ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پھنسےسیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، سیاحوں کوخوراک،گرم کپڑے اور دیگر ضروری امدادی سامان دیا جارہا ہے۔
مالاکنڈ میں تیزبارش کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔میدانی علاقوں میں تیسرے روز بھی بارش ہوئی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری ہورہی ہے۔
کالام ، مہوڈنڈ اور گبرال میں دو فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔شدید برفباری کے باعث کالام مہوڈنڈ روڈ اورکالام گبرال روڈ آمدورفت کے لیے بند ہے۔