28 فروری ، 2025
جمعیت علمائے اسلام سمیع الحق گروپ کے سربراہ مولانا حامد الحق اکوڑہ خٹک میں دارالعلوم حقانیہ میں خود کُش حملے میں شہید ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے کیا اور خود کُش حملے میں مولانا حامد الحق حقانی کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا حامدالحق نے خواتین کو تعلیم سے روکنے کو خلاف اسلام قرار دیا تھا، اس بیانیے پر مولانا حامد الحق کو دھمکیاں بھی دی گئی تھی۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ دھماکا غمازی کرتا ہے کہ فتنۃ الخوارج کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے پیروکاروں اور سہولت کاروں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
خیال رہے کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعد خارجی راستے میں ہونے والے خود کش دھماکے میں مولانا حامد الحق حقانی سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔