28 فروری ، 2025
امریکا میں ایک حیران کن طبی کیس سامنے آیا جہاں ایک خاتون پیروں میں جلن کے احساس کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچی تو انکشاف ہوا کہ اس کے دماغ میں طفیلی کیڑے موجود ہیں۔
یہ طفیلی کیڑے خاتون کے تھائی لینڈ، جاپان اور ہوائی کے سفر کے دوران اس کے جسم میں داخل ہوا۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع مقالے میں بتایا گیا کہ پہلے یہ کیڑے خاتون کے مرکزی اعصابی نظام سے منسلک ہوئے اور 12 دن تک خاموش رہے۔
جب خاتون گھر واپس پہنچی تو اس وقت کیڑوں کی موجودگی کے باعث مدافعتی نظام نے سخت ردعمل پیش کرنا شروع کیا۔
مگر اس کے بعد بھی کیڑوں کی تشخیص کئی دن تک نہیں ہوسکی جس دوران خاتون کی ٹانگوں اور ہاتھوں میں شدید تکلیف ہوتی رہی۔
ہاتھوں اور پیروں کے بعد سر پھٹ جانے والا درد بھی شروع ہوگیا جس میں ادویات کے استعمال سے بھی کمی نہیں آتی تھی۔
اسپتال کے ابتدائی دورے کے دوران اسے بتایا گیا کہ یہ ممکنہ طور پر خون کے سفید خلیات کی تعداد میں اضافے کا اثر ہوسکتا ہے۔
مگر آئندہ چند دن تک مختلف مسائل کا سامنا کرنے کے بعد خاتون نے ایک اور اسپتال کا رخ کیا۔
وہاں ورم کش ادویات کے استعمال سے سر درد ختم ہوگیا اور اسے گھر بھیج دیا گیا۔
مگر پھر علامات دوبارہ نمودار ہوگئیں اور اس کے کمرے میں ساتھ رہنے والی خاتون نے اس کے رویے میں عجیب تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا۔
وہ خاتون اپنے بستر پر گھٹوں تک ساکت لیٹی رہتی یا عجیب الجھن بھرے رویے کا اظہار کرتی۔
اس کے بعد واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے خاتون کے خون کا معائنہ کیا اور سر کا سی ٹی اسکین کیا تو بھی کچھ غیرمعمولی دریافت نہیں ہوسکا۔
مگر جب lumbar puncture طریقہ کار کو آزمایا گیا تو طفیلی کیڑوں سے ہونے والے ایک مرض کی موجودگی کا عندیہ ملا۔
مریضہ کے حالیہ سفر اور علامات کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے angiostrongyliasis نامی مرض کی تشخیص کی۔
یہ مرض چوہوں سے گھونگوں میں منتقل طفیلی کیڑوں سے پھیلتا ہے۔
عام طور پر لوگ گھونگوں کو نہیں کھاتے مگر اکثر پتوں والی سبزیوں میں یہ چھپے ہوتے ہیں اور انہیں کھالینے پر طفیلی کیڑے جسم کے اندر پہنچ جاتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ سبزیاں خاص طور پر پتوں والی سبزیوں کو اچھی طرح دھو کر کھانا چاہیے۔
یہ طفیلی کیڑے پھیپھڑوں کی شریانوں سے ہوتے ہوئے مرکزی اعصابی نظام تک پہنچ جاتے ہیں اور جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔
مگر ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ یہ کیڑے دماغ تک پہنچ جائے۔
خوش قسمتی سے امریکی خاتون کا دماغ طفیلی کیڑوں سے سنگین حد تک متاثر نہیں ہوا اور ادویات کے ذریعے ڈاکٹروں نے اس کا کامیاب علاج کیا۔
اسپتال میں داخلے کے 6 دن بعد علامات اور تکلیف ختم ہوگئی۔