28 فروری ، 2025
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ملاقات جھگڑے کی صورت اختیار کر گئی۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، اس موقع پر میڈیا نمائندوں کے سامنے یوکرینی صدر کی امریکی صدر اور نائب سے تکرار ہوتی رہی جس کی ویڈیو کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔
ملاقات کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے صدر زیلنسکی سے کہا کہ آپ کا ملک جنگ نہیں جیت رہا، آپ ہماری وجہ سے اس جنگ سے صحیح سلامت نکل سکتے ہیں۔ اگر آپ کی فوج کے پاس ہمارا دیا ہوا عسکری سازوسامان نہیں ہوتا تو یہ جنگ 2 ہفتوں میں ہی ختم ہوجاتی۔
اس دوران یوکرینی صدر متعدد مرتبہ امریکی صدر کی بات کا جواب دینے کی کوشش کرتے رہے لیکن ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو بولنے نہیں دیا۔
ٹرمپ نے ملاقات میں میڈیا نمائندوں کی موجودگی کے حوالے سے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ امریکی عوام کو صورتحال معلوم ہو اسی وجہ سے میں نے یہ ملاقات جاری رکھی۔
ٹرمپ نے زیلنسکی سے کہا کہ آپ کو شکر گزار ہونا چاہیے، آپ کے پاس آپشز نہیں ہیں، آپ کے لوگ مررہے ہیں، آپ کو فوجیوں کی کمی کاسامنا ہے۔
ٹرمپ نے زیلنسکی سے کہا کہ آپ تیسری عالمی جنگ کا خطرہ مول لے رہے ہیں، آپ اس ملک [امریکا] کی توہین کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ’زیلنسکی سے کہا کہ آپ ہمیں احکامات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں‘۔
نائب امریکی صدرجے ڈی وینس نے زیلنسکی سے کہا کہ ’آپ کے الفاظ انتہائی غیر مناسب ہیں‘، ٹرمپ نے زیلسنکی سے سوال کیا کہ کیا آپ نے ایک بار بھی امریکا کا شکریہ ادا کیا؟
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کو سکیورٹی ضمانت امریکا نہیں یورپ کی ذمہ داری ہے ، چاہتے ہیں امریکا یوکرین کی مدد بند نہ کرے
یوکرینی صدر نے کہا کہ روس نے 30 ہزار سے زائد بچوں اور دیگر شہریوں کو اغوا کیا، اپنے لوگوں کی واپسی چاہتے ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یوکرینی صدر کو کہا گیا کہ آپ بہت زیادہ بولتےہیں۔
ملاقات میں نائب امریکی صدر جے ڈی وانس نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان امن کا راستہ امریکی سفارتی کوششوں سے ہو کر گزرتا ہے، اس میں روسی صدر سے مذاکرات بھی شامل ہیں۔
یوکرینی صدر کی جانب سے کہا گیا کہ ہم نے روسی صدر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، لیکن انہوں نے اس پر عمل نہیں کیا، آپ کس قسم کی سفارت کاری کی بات کر رہے ہیں؟
غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس ملاقات کے بعد امریکا اوریوکرین کے صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ نے کابینہ سے خطاب میں کہا تھا کہ یوکرینی صدر زیلنسکی جمعے کو ایک بڑی ڈیل پر دستخط کرنے آ رہے ہیں۔یوکرین سے اپنے پیسے واپس لیں گے ،یوکرین کیلئے سکیورٹی ضمانت امریکا نہیں، یورپ دے گا۔