01 مارچ ، 2025
برطانیہ، جرمنی،اٹلی اور کینیڈا سمیت یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کشیدگی پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے اظہار یکجہتی کیا۔
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کا یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقات کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔
میڈیا نمائندوں کے سامنے یوکرینی صدر کی امریکی صدر اور نائب سے تکرار ہوتی رہی جس کی ویڈیو کیمروں میں محفوظ ہوگئی۔
برطانیہ، جرمنی،اٹلی اور کینیڈا سمیت یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کشیدگی پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے اظہار یکجہتی کیا۔
برطانوی وزیراعظم اسٹارمر نے صدر ٹرمپ اور زیلنسکی کو فون کیا اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زیلنسکی کو برطانیہ کی غیرمتزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
جرمن چانسلر نے یوکرین کو جرمنی اور یورپ پر انحصار کرنے کی پیش کش کی جبکہ کینیڈا نے کہا کہ یوکرین آزادی کی جنگ لڑ رہا ہے، یوکرین کی حمایت پر یقین رکھتے ہیں۔
اطالوی وزیراعظم نے امریکا، یورپی ریاستوں اور اتحادیوں کے درمیان سربراہی اجلاس کی ضرورت پر زور دیا۔
زیلنسکی نے اظہار یکجہتی کرنے پر سوشل میڈیا پر تقریباً 30 یورپی رہنماؤں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب زیلنسکی لندن پہنچ گئے جہاں وہ یوکرین تنازع پر برطانوی وزیراعظم اسٹارمر کی سربراہی میں کل ہونے والے یورپی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
زیلنسکی کی آج وزیراعظم اسٹارمر سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔