Time 03 مارچ ، 2025
کھیل

ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا

ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا
فوٹو: فائل

بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔

اتوار کو بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اے کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف مدمقابل تھی۔ یہ میچ دبئی میں کھیلا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ویرات کوہلی کے ون ڈے کیریئر کا 300 واں میچ تھا۔ جس کے بعد وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے  7 ویں بھارتی کرکٹر بن گئے۔

اس سے قبل  بھارت کیلئے سچن ٹنڈولکر 463، مہندر سنگھ دھونی 350، راہول ڈریوڈ 344، محمد اظہرالدین 334، ساروگنگولی 311 اور یووراج سنگھ 304 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔ 

2008 میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ویرات کوہلی 22 ویں انٹرنیشنل کرکٹر ہیں جنہوں نے 300 ون ڈے میچز کھیلے ہیں۔

کوہلی 300 ویں ون ڈے کو اپنی بیٹنگ سے یادگار نہ بناسکے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں وہ صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ کوہلی ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 51 سنچریاں بناچکے ہیں، انہوں نے حال ہی میں اس فارمیٹ میں تیز ترین 14 ہزار رنز مکمل کیے۔

مزید خبریں :