Time 03 مارچ ، 2025
انٹرٹینمنٹ

'NO Other Land' فلسطینی اور اسرائیلی ڈائریکٹرز کی مشترکہ فلم نے آسکر ایوارڈ جیت لیا

NO Other Land فلسطینی اور اسرائیلی ڈائریکٹرز کی مشترکہ فلم نے آسکر ایوارڈ جیت لیا
فلم فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا کو پیش آنے والی مشکلات اور ان کی جدوجہد کی کہانی ہے جس سے وہ فلسطین کے مغربی کنارے میں گزرے ہیں/ فوٹو: رائٹرز 

لاس اینجلس: فلسطینی اور اسرائیلی ڈائریکٹرز کے اشتراک سے بننے والی فلم 'No Other Land' نے آسکرز ایوارڈز  میں بہترین ڈاکومینٹری فیچر ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ 

97 ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد امریکی شہر لاس اینجلس میں ہوا جہاں فلسطین کے مغربی کنارے کے ایک گاؤں کی تباہی پر بننے والی فلم No Other Land کو بہترین  ڈاکومینٹری فیچر کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

فلم No Other Land فلسطینی ڈائریکٹرز باسل عدرا، حمدان بلال، راحیل شور  اور اسرائیلی صحافی یووال ابراہم کی مشترکہ ہدایت کاری میں بنی ان کی پہلی فلم ہے جو دراصل فلسطینی ہدایت کار باسل عدرا کو پیش آنے والی مشکلات اور  ان کی جدوجہد کی کہانی ہے جس سے وہ فلسطین کے مغربی کنارے میں گزرے ہیں۔ 

باسل عدرا نے اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کے ہاتھوں اپنے آبائی علاقے ’مسافر یطا‘ میں گھروں کی تباہی اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو دستاویزی شکل میں محفوظ کیا ہے جس میں اسرائیلی صحافی یووال ابراہم نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔ 

ایوارڈ جیتنے کے بعد باسل کا کہنا تھا کہ یہ فلم اس تلخ حقیقت کی عکاسی کرتی ہے جسے میں کئی دہائیوں سے برداشت کررہا ہوں۔

باسل عدرا نے مزید کہا کہ 2 ماہ قبل میں باپ بنا ہوں اور  میں نہیں چاہتا میری بیٹی وہ زندگی گزارے جو میں گزار رہا ہوں، جس میں مجھے اور میری کمیونٹی کو ہمیشہ اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کی طرف سے گھر گرانے، گھر سے زبردستی بے دخل کرنے جیسے حالات کا سامنا رہتا ہے۔  

اس موقع پر اسرائیلی صحافی اور فلم میں باسل کا ساتھ دینے والے یووال ابراہم نے کہا کہ ہم اسرائیلی اور فلسطینیوں نے یہ فلم مل کر بنائی کیونکہ اس طرح ہماری آواز مضبوط ہوتی ہے۔ 

 یووال ابراہم نے غزہ پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کو بند کرنے اور غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ 

مزید خبریں :