فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نطر آنے والی خاتون کا پی ٹی آئی رہنما سے کوئی تعلق نہیں

17 فروری کو اسلام آباد میں ایک خاتون نے موٹر سائیکل سوار مرد کو زبانی اور جسمانی طور پر بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔

گزشتہ ماہ پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں خاتون ایک موٹر سائیکل سوار مرد کو زبانی اور جسمانی طور پر بدسلوکی کا نشانہ بناتی ہوئی نظر آ رہی تھی، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کی گاڑی اور موٹر سائیکل کا تصادم ہوا۔ 

یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل اور سیاستدان سلمان اکرم راجہ کی بہن ہیں۔

یہ دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

17 فروری کو 55 سیکنڈ کی ویڈیو صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کی، جس میں ایک خاتون کو ایک ٹریفک حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار مرد پر غصے سے حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں خاتون کی آواز سنی جا سکتی ہے جس میں وہ گالی گلوچ کر رہی ہے اور یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ اس کی گاڑی مرد کی موٹر سائیکل سے زیادہ مہنگی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ”یہ خاندان ہی دو نمبر ہے، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی بہن کی ایک غریب بائکیا والے پر تشدد کی ویڈیو وائرل، دیکھیں کیسے گالیاں دے رہی ہیں، جیسا بھائی ویسی بہن۔“

ایک جیسے دعوے فیس بک پر بھی پھیل گئے، جنہیں یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔

فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں نطر آنے والی خاتون کا پی ٹی آئی رہنما سے کوئی تعلق نہیں

حقیقت

سلمان اکرم راجہ اور ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا سیاستدان سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیں ہے۔

جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئےسلمان اکرم راجہ نے تصدیق کی کہ ”وہ یقیناً میری بہن نہیں ہے، اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں ہے، میری صرف ایک بہن ہے اور وہ بیرون ملک مقیم ہے۔“

جیو فیکٹ چیک نے اسلام آباد میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) محمدشعیب خان سے بھی بات کی، جنہوں نے پولیس کی کاروائی کی تفصیلات فراہم کیں۔ ایف آئی آر کے مطابق، یہ واقعہ 17 فروری کو اسلام آباد میں پیش آیا۔

محمدشعیب خان نے وضاحت کی کہ ”مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ویمن پولیس اسٹیشن میں اس پر کارروائی جاری ہے، اب تک، ہمیں ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کا کسی کے ساتھ سیاسی تعلق کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔“

فیصلہ: ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون سلمان اکرم راجہ کی بہن نہیں ہیں۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck@پر فالو کریں۔

 اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔