04 مارچ ، 2025
زمین پر تو سورج طلوع ہونے کا نظارہ بیشتر افراد نے دیکھا ہوگا مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ چاند پر یہ منظر کیسا ہوتا ہے؟
امریکی نجی کمپنی فائر فلائی ایرو اسپیس کا بلیو گھوسٹ نامی لینڈر گزشتہ دنوں چاند پر پہنچنے میں کامیاب ہوا تھا۔
اب کمپنی نے لینڈر کی جانب سے کھینچی گئی چاند کی سطح پر سورج طلوع ہونے کی تصویر شیئر کی ہے۔
یہ لینڈر 14 دن تک چاند کی سطح پر سائنسی تجربات کرے گا۔
اس لینڈر میں امریکی خلائی ادارے ناسا کے 10 پے لوڈز بھی ہیں جن کو ڈرلنگ ٹیکنالوجی کی آزمائش، گلوبل نیوی گیشن سیٹلائیٹ سسٹم کو جانچنے اور دیگر کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
فائر فلائی کی جانب سے تصویر کو ایکس (ٹوئٹر) پر پوسٹ کیا گیا۔
تصویر کے کیپشن میں بتایا گیا کہ بلیو گھوسٹ رائیڈر نے چاند پر اپنے پہلے سورج طلوع ہونے کی تصویر کھینچی ہے۔
بلیو گھوسٹ 2 مارچ کو چاند کی سطح پر اترا تھا۔
چاند کے Mons Latreille نامی خطے پر لینڈر نے لینڈ کیا تھا اور اس طرح فائر فلائی پہلی نجی کمپنی بن گئی جس کا مشن کامیابی سے چاند پر اترنے میں کامیاب ہوا۔
اس سے قبل 2024 کے شروع میں Intuitive Machines کا مشن بھی چاند پر اترا تھا مگر اس کی لینڈنگ اچھی نہیں تھی اور اسے نقصان پہنچا تھا۔
بلیو گھوسٹ سائنسی تجربات کے ساتھ ساتھ کچھ دلچسپ کام بھی کرے گا جیسے یہ 14 مارچ کو ایک گرہن کا مشاہدہ بھی کرے گا۔
اس موقع پر یہ لینڈر کیمروں کو استعمال کرکے زمین کی جانب سے سورج کو بلاک کرنے منظر کی ایچ ڈی عکسبندی کرے گا۔