05 مارچ ، 2025
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر حماس کے بغیر غزہ کی تعمیر نو سے متعلق اپنی تجویز پرقائم ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک کی طرف سے غزہ کی تعمیر نو کا منصوبہ حقیقت کے برعکس ہے۔
ا س سے پہلے عرب ممالک کے غیر معمولی اجلاس میں غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کا منصبو بہ مسترد کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب مصر نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے متبادل منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے، 53 ارب ڈالر کے مجوزہ 5 سالہ منصوبے میں لاکھوں مکانات، تجارتی بندرگاہ اور ائیرپورٹ کی تعمیر شامل ہے جب کہ فلسطینی علاقوں میں انتخابات اور دو ریاستی حل کی کوششیں بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
اجلاس سے خطاب میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے غزہ پٹی کا انتظام مکمل طور پر فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، شام اور دیگر عرب ممالک سمیت اقوام متحدہ کے سربراہ، یورپی یونین صدر اور اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل بھی شریک ہوئے۔