Time 05 مارچ ، 2025
پاکستان

امن و استحکام کیلئے امریکا کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے: وزیراعظم کا امریکی صدر سے اظہار تشکر

امن و استحکام کیلئے امریکا کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے: وزیراعظم کا امریکی صدر سے اظہار تشکر
انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر ہم صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں: شہباز شریف/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹرمپ نے افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کےکردارکا اعتراف کیا،   افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کو تسلیم کرنے اور سراہنے پر ہم صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے داعش کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری کے تناظر میں پاکستان کےکردارکو سراہا، شریف اللہ افغانستان کا شہری اور ایک مطلوب دہشتگرد ہے، پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد دہشتگردوں اور عسکریت پسند گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے سے روکنا ہے۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کی تمام شکلوں سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہیں اور اس کوشش میں  پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن میں ہمارے 80 ہزار سے زیادہ بہادر فوجیوں اور شہریوں کی جانیں بھی شامل ہیں۔ 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم علاقائی امن اور استحکام کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔


مزید خبریں :