05 مارچ ، 2025
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہےکہ فیصل واوڈا نے سنسنی پیدا کی، کوئی 60 ارب روپے کی کرپشن نہیں ہوئی۔
جیو نیوز کے پروگرام 'کیپٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ایک سال مکمل ہونے پر حکومت پر الزام تراشی کی گئی،کیا ہی اچھا ہوتا فیصل واوڈا ذکر کردیتےکہ وہ چیئرمین ان کے دور حکومت میں لگایا گیا تھا۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ وزیرکے پاس تو پیسا آیا ہی نہیں زمین سے متعلق بورڈ نے فیصلہ کیا، پورٹ قاسم اتھارٹی کا بورڈ اپنے فیصلےکرنے میں بااختیار ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی کی زمین کا معاملہ 2005 سے چلا آرہا ہے،کمیٹی کے اجلاس میں ہر وزیر کو تیاری کے ساتھ جانا چاہیے۔
خیال رہےکہ حکومت کا ایک سال پورا ہونے پر سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے میری ٹائم کے چیئرمین فیصل واوڈا 60 ارب روپےکا میگا اسکینڈل سامنے لے آئے ۔
جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گزشتہ روز گفتگو کے دوران فیصل واوڈا نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر 60 ارب روپے کے میگا اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا۔
فیصل واوڈا نے اسکینڈل کے دستاویزی ثبوت کے ساتھ تفصیلات بتائیں اور کہا کہ اس میں ذمہ داروں کے علاوہ وزیر برائے میری ٹائم قیصر احمد شیخ کی مجرمانہ غفلت بھی شامل ہے۔
پروگرام میں قیصر احمد شیخ نے تسلیم کیا کہ فیصل واوڈا کی وجہ سے قومی خزانے کو 60 ارب روپے کے نقصان سے بچایا گیا لہٰذا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔