فیکٹ چیک: رمضان المبارک کے دوران پنجاب میں مفت بجلی؟

پنجاب حکومت اور ڈسکوز کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ نہ تو ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ زیرِ غور ہے۔

متعدد آن لائن صارفین یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ پنجاب حکومت نے رمضان کے مقدس مہینے کے لیے مفت بجلی کا اعلان کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ صوبے کے صارفین کو مارچ کے مہینے کا بجلی کا بل نہیں دینا پڑے گا۔

یہ دعویٰ غلط ہے،  پنجاب کابینہ کی طرف سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

دعویٰ

21 فروری کو ایک فیس بک صارف نے پوسٹ کیا، ”بریکنگ نیوز: پنجاب میں رمضان کے مہینے میں بجلی کا بل ایک مہینے تک فری ہوگا“، جسے اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک 125 سے زائد مرتبہ شیئر اور1 ہزار 400 سے زائد دفعہ لائک کیا جا چکا ہے۔

فیکٹ چیک: رمضان المبارک کے دوران پنجاب میں مفت بجلی؟

اسی طرح کے دعوے فیس بک پر یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کئے گئے۔

حقیقت

صوبہ پنجاب کے سینئر حکام نے تصدیق کی ہے کہ نہ تو ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی اعلان کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا، ”یہ [دعوٰے] جعلی ہیں۔“

صوبائی سیکرٹری توانائی ڈاکٹر نعیم رؤف نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا، ”یہ اعلان اگر کرنا ہو تو وہ حکومت پاکستان کرے گی نا کہ پنجاب۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”میرے علم میں ایسا کچھ نہیں ہے۔“

اس کے علاوہ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (FESCO)کے ترجمان محمد سعید رضا اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ (GEPCO) کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا نے بھی آن لائن دعووں کو ”جعلی“ قرار دیا اور تصدیق کی کہ ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

فیصلہ: یہ دعویٰ کہ پنجاب میں رمضان کے مہینے کے لیے بجلی کے بل معاف کیے جائیں گے، غلط ہے۔ پنجاب حکومت اور ڈسکوز کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ ایسی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، نہ ہی اس پر غور کیا جا رہا ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ 

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔