Time 07 مارچ ، 2025
دنیا

داعش دہشتگرد کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اُس کی حکومت کے شکر گزار ہیں: امریکا

داعش دہشتگرد کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اُس کی حکومت کے شکر گزار ہیں: امریکا
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے—فوٹو:ا سکرین گریب

واشنگٹن: امریکا نے کہا کہ کابل ائیرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ  داعش دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہت اہم ہیں، داعش دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری اس کا واضح ثبوت ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے داعش کے رکن کی گرفتاری پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے۔

 داعش دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے: ٹیمی بروس

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے ۔ امریکا اس تعاون پر حکومت پاکستان کا شکر گزار ہے۔

ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ جہاں تک پاکستان سے امریکا کے تعلقات کی نوعیت کا تعلق ہے تو یہ ہمارا مشترکا مفاد ہے کہ دہشت گردی کیخلاف لڑیں۔

اس سے قبل امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے بھی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی تھی۔

پس منظر

پاکستان نے سی آئی اے کی دی گئی معلومات کی بنیاد پر داعش کےکمانڈر کو گرفتار کیا جو 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع پر کی گئی بھیانک دہشتگردی کی سازش میں ملوث تھا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے کابل ائیرپورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری داعش کمانڈر شریف اللہ کو  اسپیشل آپریشن کے دوران پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا۔

 گرفتار دہشت گرد کو گزشتہ روز امریکی ریاست ورجینیا میں وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ 

داعش دہشتگرد کی گرفتاری کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، اُس کی حکومت کے شکر گزار ہیں: امریکا
گرفتار دہشتگرد کو گزشتہ روز ورجینیا کی عدالت میں پیش کیا گیا—فوٹو: امریکی میڈیا

شریف اللہ پاکستانی حکام کے سامنے افغانستان ، روس اور ایران میں حملوں کا اعتراف کر چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دہشت گردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد کانگریس سے پہلے طویل ترین خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ انتہاپسند دہشتگردی کے خلاف ہیں، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہےکہ افغانستان میں دہشتگردی کا بڑا ذمہ دارپکڑاگیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے 2021 میں کابل دھماکے کے دہشتگرد کی گرفتاری میں تعاون پر حکومت پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشتگرد کی گرفتاری میں مدد پر پاکستان کا خصوصی طورپر شکریہ اداکرتا ہوں۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ 2021 میں افغانستان میں امریکی فوج کے انخلا کے موقع کابل ائیرپورٹ پر خود کش حملے میں 13 امریکی فوجی اور 170 افغان شہری مارے گئے تھے۔


مزید خبریں :