Time 07 مارچ ، 2025
کھیل

ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر ڈیوڈ ملر آئی سی سی سے مایوس، دبئی سفر کی صورتحال بتادی

ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر ڈیوڈ ملر آئی سی سی سے مایوس، دبئی سفر کی صورتحال بتادی
گروپ بی کی دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیمز جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کو اپنے گروپ مرحلے کے میچز ختم کرنے کے بعد دبئی کا سفر کرنا پڑا__فوٹو: غیر ملکی میڈیا

چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کھانے والی جنوبی افریقی ٹیم کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے ڈھکے چھپے الفاظ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

افریقی کرکٹر نے ٹورنامنٹ کی شیڈولنگ اور سفری انتظامات کی طرف اشارہ کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہےکہ ڈیوڈ ملر کے نزدیک پروٹیز کی کارکردگی اسی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

گروپ بی کی دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیمز جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کو  اپنے گروپ مرحلے کے میچز ختم کرنے کے بعد دبئی کا سفر کرنا پڑا۔

گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے بعد جنوبی افریقا کو لاہور میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے سیمی فائنل کے لیے پاکستان واپس آنا پڑا جب کہ پہلے سیمی فائنل کے لیے آسٹریلیا بھارت کا مقابلہ کرنے  دبئی میں ٹھہرا۔

یہی وجہ ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز  ڈیوڈ ملر نے سفری شیڈول پر تنقید کی۔

ڈیوڈ ملر نے کہا کہ یہ صرف ایک گھنٹہ اور 40 منٹ کی فلائٹ تھی لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمیں اس ٹورنامنٹ میں جو کرنا پڑا (ٹریولینگ) وہ مثالی نہیں تھا، فلائٹ صبح کھیل کے بعد کی تھی اور ہمیں ہر حال میں سفر کرنا تھا۔

کرکٹر نے کہا پھر ہم شام 4 بجے دبئی پہنچے اور اگلی صبح 7:30 بجے ہمیں واپس آنا تھا، یہ کوئی مثالی صورتحال نہیں تھی، ایسا نہیں ہے کہ ہم نے 5 گھنٹے پرواز کی لیکن پھر بھی یہ مشکل چیز تھی۔

واضح رہے کہ ڈیوڈ ملر نے  دوسرے سیمی فائنل میں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے  نیوزی لینڈ کے 363 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کی آخری گیند پر 2 رنز لے کر 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

ڈیوڈ ملر چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں تیز ترین سنچری اسکور کرنے والے بیٹر بن گئے، ان کی 67 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 10 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل، بھارت کے سابق اوپنر وریندر سہواگ نے 2002 میں انگلینڈ کے خلاف کولمبو میں 77 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جو اس وقت تیز ترین سنچری کا ریکارڈ تھا۔ 

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جس پر مختلف کرکٹ شخصیات پہلے ہی آواز اٹھاچکی ہیں۔

جب کہ اب چیمپئنز ٹرافی کی فائنل کی ٹیم نیوزی لینڈ کے کپتان مچیل سینٹنر نے بھی بھارت کو دبئی میں حاصل ایڈوانٹیج پر سوال اٹھایا ہے۔

مزید خبریں :