Time 07 مارچ ، 2025
کھیل

گلیسپی نے پاکستانی ٹیم سے متعلق گواسکر کے منفی بیان کو بکواس قرار دیدیا

گلیسپی نے پاکستانی ٹیم سے متعلق گواسکر کے منفی بیان کو بکواس قرار دیدیا
سنیل گواسکر نے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے پر پاکستانی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ 

پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے بہتر نتائج کے حصول کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اہم مشورہ بھی دیدیا۔

سابق بھارتی کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسگر نے پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں شکست پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم ایسی ہے کہ انہیں شاید انڈیا کی بی ٹیم کو ہرانے کے لیے بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑے۔

سنیل گواسکر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ گواسکر کی بھارتی بی ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کو شکست دینے کی بات بکواس ہے، پاکستان صحیح کھلاڑیوں کو منتخب کرے، گیم ڈیویلپ کے لیے وقت دے تو کسی ٹیم کو بھی ہرا سکتے ہیں۔

گلیسپی کا کہنا تھا اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، بس صحیح ٹیلنٹ کو پک کرنے اور انھیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا نئے ٹیلنٹ کے ساتھ صبر کے ساتھ کام لیا جائے، اگر بورڈ نتائج چاہتا ہے تو صحیح لوگوں کوصحیح کام پر لگایا جائے، سلیکشن میں میرٹ پر لوگوں کو لایا جائے اور انھیں سپورٹ کیا جائے۔

جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کوچز کو موقع دینا چاہیے تاکہ اچھے نتائج آسکیں نہیں تو نتیجہ ایسا ہی رہےگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی جیسن گلیسپی نے ایک بیان میں پاکستان کے موجودہ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ عاقب جاوید نے ہیڈ کوچ بننے کے لیے میری اور گیری کرسٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

مزید خبریں :