11 مارچ ، 2025
انسانی اسمگلر عثمان ججہ کو گرفتار کرنے والی ایف آئی اے کی ٹیم کو وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس بلا کر 10،10 لاکھ روپے انعام دیا اور شیلڈ بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس بلا کر عثمان ججہ کو گرفتار کرنے والی ٹیم کو شاباش دی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر شاہد مجید سمیت 3 رکنی ٹیم کو وزیراعظم نے دس دس لاکھ روپے انعام اور شیلڈ دی۔
وزیراعظم نے ڈائریکٹر آئی بی ملک آصف کو بھی 10 لاکھ روپے انعام دیا اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر ڈائریکٹر آئی بی کی تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے واقعات پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، انسانی اسمگلنگ کو جڑ سے اکھاڑنا ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف پہلے ایسا آپریشن ہوتا تو جرم ایسے نہ پنپتا، غریبوں کے پیسے لوٹنے والے اسمگلرز کو انجام تک پہنچائیں گے۔